Agora / Hypatia (2009)
ہائپیشا یا ہائی پیشیامصر کے شہر اسکندریہ میں 380 عیسوی میں پیدا ہوئی۔ اس کے والدین یونانی تھے۔ اس کا باپ تھیونَ الیگزینڈرسس اسکندریہ یونیورسٹی کا ہردلعزیز پروفیسر اور معروف ریاضی دان تھا۔ نیز وہ اسکندریہ کی لائبریری کا منتظم بھی تھا۔ ہائپیشا نے ابتدائی تعلیم یونان کے شہر ایتھنز میں حاصل کی۔ باپ کی رہنمائی میں اس نے آرٹس، ادب، سائنس، فلسفہ اور ریاضی کے مضامین میں دسترس حاصل کر لی۔ یونان سے مصر واپسی پر ہائپیشا کو اسکندریہ یونیورسٹی میں ریاضی اور فلسفہ پڑھانے کی پیش کش ہوئی جو اس نے قبول کر لی۔ وہ دیافنطس کے علم حساب پر بھی لیکچر دیتی تھی اور دیافنطس کے دریافت کردہ اصولوں کے اطلاق سے غیر متعین مسائل کو حل کرنے طریقوں پر بحث کرتی تھی۔ نیز وہ افلاطون اور ارسطو کی تعلیمات کو اپنے درس و تدریس کے موضوعات میں شامل کر لیتی تھی۔ ہائپیشا ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت خوبصورت اور باوقار خاتون تھی۔ نیز مشفق باپ کی بھرپور توجہ سے وہ فن تقریر میں بھی ماہر تھی۔ یہی وجہ تھی کہ دنیا کے گوشے گوشے سے علم کے متلاشی اس کے لیکچر سننے کے لیے کھنچے چلے آتے تھے۔ یہ ہائپیشا اور اس کے لیکچروں کی بے پناہ مقبولیت کا نتیجہ تھا کہ صرف تیس سال کی عمر میں اسے اسکندریہ یونیورسٹی کے افلاطونی اسکول کی سربراہ بنا دیا گیا۔
ان کی وفات کے بارے میں مختلف آرا ہیں۔ کچھ لوگوں کے مطابق انہیں زندہ جلا دیا گیا ، کچھ کے مطابق انہیں سنگسار کر دیا اور کچھ کے مطابق ان کی کھال اتار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس خوفناک سزا کی وجہ یہ تھی کہ وہ عورت ہو کر مردوں کو تعلیم دیتی تھی اور بائبل کی تعلیمات کی رو سے یہ ایک سنگین جرم تھا۔ اس سے پہلے یہ مسیحی سکندریہ کے عظیم الشان کتب خانے میں تاریخ، فلسفہ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے موضوعات پر بیشمار نادر و نایاب کتابوں کو نذر آتش کر چکے تھے۔اس کا یہ مقولہ اس کی جان لے گیا کہ میں خدا پر نہیں فلسفے پر یقین رکھتی ہوں۔ مرنے سے پہلے ہائپیشیا جن تکونوں پر کام کر رہی تھی، وہ اس کی موت کے 1300 سال بعد ایک سائنس دان نے دریافت کی۔(سورس: ویکی پیڈیا)
ہائی پیشیا کی زندگی پر بننے والے فلم Agora زیادہ کامیاب نہیں ہوئی۔70 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی یہ فلم صرف 39 ملین ڈالر کما پائی لیکن سپین میں یہ 4 دن میں 10.3 ملین ڈالر کما کر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی۔ یہ فلم ہائی پیشیا کے نام سے بھی ملتی ہے۔اس فلم میں عیسائیت کا آغاز دکھایا گیا ہے۔ اس فلم میں آپ دیکھیں گے کہ کس طرح عیسائی ،مذہب کے نام پر لائبریریوں کو آگ لگاتے ہیں،غیر مسیحیوں کو مارتے ہیں اور عورت کے تعلیم دینے پر کس قدر نفرت کا اظہار کرتےہیں۔ اس فلم میں ہائی پیشیا کو زمین کی گردش کے بارے میں تجربات کرتے بھی دیکھایا گیا ہے۔ اس فلم میں آپ دیکھیں گے کہ جب عیسائیت کو مقبولیت حاصل ہوئی اور یہ سرکاری مذہب بن گیا تو کس طرح غیر مسیحی فلسفی بھی بھاگ بھاگ کر اسے اپنانے لگے کیونکہ اس سے انہیں بڑے بڑے عہدے مل گئے۔افسوس کہ بڑے عہدوں پر پہنچنے والے یہ لوگ بھی ہائی پیشیا کو مذہبی جنونیوں سے نہیں بچا سکے۔ یہ فلم vimeo پر نستعلیق اردو سب ٹائٹلز کے ساتھ موجود ہے۔ اسے ویمیویو ڈاٹ کام کے بعد سلیش 99537568 لکھ کر بھی دیکھا جا سکتا ہے اور گوگل پر Hypatia (Urdu Subtitles) لکھ کر بھی سرچ کیا جا سکتا ہے۔ اس فلم کے اردو سب ٹائٹل کسی الحاد سے متعلق گروپ کے لوگوں نے بنائے تھے۔ لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کسی کا ایمان اس طرح کی فلم سے خراب ہو سکتا ہے، ہاں ہم یہ ضرور سمجھ سکتے ہیں کہ عیسائیت کو کیوں صرف چرچ تک محدود کیا گیا ہے۔
Hypatia (Urdu Subtitles) from IlhaadGodless on Vimeo.
Comments are closed.